انسداد کورونا وائرس اور معیشت کا پہیہ جاری رکھنے میں توازن قائم رکھا جائے، وزیر اعظم

08:18 PM, 20 Apr, 2020

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انھیں تاجر برادری کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔ کورونا وائرس کے انسداد اور معیشت کا پہیہ جاری رکھنے میں توازن قائم رکھا جائے۔


تفصیلات کے مطابق،  وزیرِاعظم عمران خان کے زیر صدارت کورونا وبا کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں ملکی صورتحال پر انھیں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کا بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ آٹھ ہزار سے زائد ٹیسٹ روزانہ کی بنیاد پر کیے جا رہے ہیں، اس ماہ کے آخر میں بیس ہزار ٹیسٹ یومیہ کرنے کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ تیسری کھیپ میں چار سو آٹھ ہسپتالوں کو کورونا وائرس سے متعلق سامان بھجوایا گیا ہے، چوتھی کھیپ میں اس سامان کو دگنا کر دیا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف سب سے موثر حکمت عملی سماجی فاصلہ کو یقینی بنانا ہے۔ سماجی فاصلوں کی اہمیت کے بارے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جائے۔ آزاد ملکوں میں طاقت کے استعمال کی بجائے عوام کو ترغیب دے کر تعاون کو یقینی بنایا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ڈاکٹر اور طبی عملہ ہمارا ہراول دستہ ہے۔ طبی عملہ کی ضروریات پورا کرنا اولین ترجیح ہے۔ مساجد اور عبادات کے حوالے سے لائحہ عمل علمائے کرام اور مشائخ کے مکمل اتفاق رائے سے طے پایا ہے، اس پر عملدرآمد کی ذمہ داری انہوں نے خود لی ہے۔ تاہم کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات مشترکہ ذمہ داری ہے۔

مزیدخبریں