اعصام الحق کی ثانیہ مرزا کیساتھ مکسڈ ڈبلز شراکت کی خواہش

01:33 PM, 20 Apr, 2020

لاہور: پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق نے بھارتی ٹینس پلیئر ثانیہ مرزا کے ساتھ مکسڈ ڈبل شراکت کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر اس وقت جو حالات درپیش ہیں ان کے تحت شاید وہ کسی غیر ضروری تنازع کا شکار نہ ہونا چاہیں لیکن دونوں ممالک کے تعلقات کی بہتری پر ایسا ممکن ہو سکتا ہے۔

اعصام الحق کا کہنا تھا کہ راجر فیڈرر ان کے پسندیدہ پلیئر ہیں جن کے ساتھ وہ پارٹنر کے طور پر کھیلنا چاہتے ہیں تاہم رافیل نڈال سے مقابلہ کرنے سے ہمیشہ بچنا چاہیں گے۔

قومی ٹینس سٹار کا کہنا تھا کہ وہ کیریئر کے دوران ڈبلز ایونٹس میں بہت سے پلیئرز کے ساتھ کھیلے تام بھارت کے روہن بھوپننا کے ساتھ شراکت سب سے زیادہ کامیاب رہی اور ان سے دوستی آج بھی اسی طرح برقرار ہے۔

اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے اعصام الحق نے کہا کہ میں 40 سال کا ہوگیا ہوں مگر عمر صرف ایک نمبر ہے، ریٹائرمنٹ کے بارے میں کچھ نہیں سوچا۔انہوں نے کہا کہ مجھے کرکٹ سے گلا نہیں ہے لیکن دیگر کھیلوں پر بھی توجہ دینی چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے انگلینڈ سمیت دیگر ممالک کی شہریت صرف پاکستان کے لیے ٹھکرائی ہے، موجودہ صورت حال میں کوشش کر رہے ہیں کہ جتنے لوگوں کی مدد ہو سکے وہ کریں۔

مزیدخبریں