مسلمان ماہ صیام  میں عبادات کا اہتمام گھروں میں کریں، سعودی علما

 مسلمان ماہ صیام  میں عبادات کا اہتمام گھروں میں کریں، سعودی علما


ریاض: سعودی عرب کے علمائے کرام نے دنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ رمضان المبارک میں عبادات کا اہتمام گھروں میں کریں۔سعودی عرب کی سپریم علما کونسل نے ہدایات دی ہیں کہ جن ممالک میں کورونا کی وجہ سے لاک ڈائون ہے وہاں مسلمان گھروں میں نماز ادا کریں۔

سعودی علما کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات میں کہا گیا  کہ رمضان المبارک کے دوران گھروں میں ہی عبادات اور نماز تراویح کا اہتمام کیا جائے، مسلمان عالمی وبا کی روک تھام کے لیے احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے دینی فرائض ادا کرنے کی مثال بنیں۔

سعودی عرب کی سپریم علما کونسل نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو ہدایت کی ہے کہ جہاں بھی رہیں لاک ڈائون کی پابندی کریں۔

سعودی عرب کے مفتی اعظم نے جمعہ کے روز ایک بیان میں کہا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران تراویح اور عید کی نماز گھروں میں ادا کی جائیں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلا ئوکو روکا جا سکے۔