وزیراعظم سے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی ملاقات، معاشی امور پر گفتگو

03:24 PM, 20 Apr, 2019

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیراعظم کو آئی ایم ایف حکام سے متعلق گفتگو پر اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم سے ملاقات سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ بجٹ کی تیاری کی ہدایت جاری کر دی ہیں اور بجٹ کیلئے میڈیم ٹرم اسٹریٹجی پیپر کیلئے ہدایات دے دیں۔

مشیر خزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا عمل بھی تیز کیا جائے گا اور پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کا عمل آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ آئی ایم ایف نے مشن جلد پاکستان بھیجنے کی کمٹمنٹ کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے مشن ہیڈ سے آج شام بات کروں گا اور مشن جلد از جلد پاکستان آئے گا۔

اس سے قبل مشیر خزانہ عبدالحفیظ نے اسلام آباد میں وزارت خزانہ کے دفتر پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ریونیو اور اقتصادی امور کی وزارتیں بھی دیکھیں گے جب کہ ان کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہو گا۔

مزیدخبریں