اسلام آباد :بھارتی کمپنیوں کی مصنوعات سے پاکستانی بینکنگ سیکٹر کی حساس معلومات کو خطرہ لاحق ہے ۔ وائرس کی موجودگی سے ڈیٹا کے غلط استعمال کا خدشہ ظاہر کیاجارہا ہے اوراس حوالے سے تحفظات کا بھی اظہار کیاگیا ہے۔
پاکستانی آئی ٹی انڈسٹری ، بینکنگ سیکٹر میں بھارتی مصنوعات کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے اس وجہ سے اس کو خطرناک قرار دیاجارہا ہے ۔ وفاقی حکومت نے متعلقہ اداروں کو مراسلہ لکھ کر خبر دار کردیا ہے تاکہ حفاظتی اقدامات کیے جاسکیں۔
اس سلسلے میں وفاقی حکومت نے تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور صوبوں کو مراسلہ بھیج دیا ہے۔ اس ایڈوائزری میں کہا گیا کہ پاکستانی آئی ٹی سیکٹرز کی کچھ کمپنیاں اور بینک بھارتی کمپنیوں سے آئی ٹی مصنوعات خریدتے ہیں، مصنوعات میں میلاویئر وائرس کی موجودگی کا امکان ہے۔
اس میں کہا گیا کہ بھارتی کمپنیوں کی مصنوعات سے پاکستانی بینکنگ سیکٹر کی اہم معلومات کو خطرہ ہے، میلاویئر وائرس کی موجودگی سے ڈیٹا، پرسنل آئیڈینٹی فکیشن انفارمیشن کے غلط استعمال کا خدشہ ہے۔
بھارتی مصنوعات کے ذریعے آئی ٹی سیکٹر میں براہ راست بھارتی مداخلت کا اندیشہ ہے۔ مراسلے میں بھارتی منصوعات کا استعمال ترک کرنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ تمام صارفین کو بھارتی نژاد مصنوعی ذہانت پر مبنی مصنوعات کے استعمال سے گریز کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا۔ایڈوائزری میں متبادل مصنوعات کےلیے کمپنیوں کو پاکستان سافٹ ویئر ہاؤس سے مشورہ کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔