عدلیہ اور فوج پر اعتماد ہے، نواز شریف کو واپسی پرمایوسی ہوگی، ملکی حالات کا ذمہ دار شریف خاندان ہے: پرویزالہٰی

03:55 PM, 19 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور : سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ پاکستان کی عدلیہ اور فوج پر اعتماد ہے۔دونوں ادارے ملکی سلامتی کے ضامن ہیں۔ 

عدالت پیشی کے موقع پر پرویز الہی نے  میڈیا سے غیر رسمی گفتگو  کرتے  ہوئے کہا چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی کی  حلف برداری  پر خوشی ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسی نے پہلے دن سے ہی اچھا آغاز کیا۔ پاکستان کے موجودہ حالات کا ذمہ دار شریف خاندان ہے۔

پرویز الہی  کا مزید کہنا تھا آئی ایم ایف سے ظالمانہ معاہدے کی سزا عوام بھگت رہے ہیں ۔ پٹرول بجلی گیس اور تمام  مہنگائی نواز اور شہباز کی وجہ سے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ  واپسی پر نواز شریف کو مایوسی ہو گی عوام استقبال کی بجائےان سے حساب مانگیں گے۔ نگران حکومت پی ڈی ایم کا تسلسل ہے ۔موجودہ کابینہ میں دیکھ لیں سارے ن لیگ کے پسندیدہ لوگ ہیں ۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ  ابھی الیکشن کا اعلان ہوا تب ہی  پتہ چلے گا کون کس پوزیشن پر ہے۔ موجودہ مقدمہ بھی موٹر وے پر میرے خلاف درج کیا گیا ۔ عدلیہ انصاف دے رہی ہے مگر یہ لوگ چھوڑنے کو تیار نہیں ۔ہم اپنے مقدمات عدالتوں میں لڑ کر سرخرو ہوں گے۔ 

مزیدخبریں