لاہور : چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کو قیدی نمبر 804 سے کوئی لینا دینا نہیں ان کا مسئلہ صرف مہنگائی ہے۔ میاں نوازشریف کی واپسی کو پیپلز پارٹی خوش آمدید کہتی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کے ساتھ مل کر اس معاشی بحران کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں۔ مہنگائی ختم کرنے کے لیے ہم نے بینظیر انکم سپورٹ سکیم شروع کی۔ پاکستان کی تاریخ میں اتنی مہنگائی کبھی نہیں ہوئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے۔ عوام کو معلوم نہیں کہ مہنگائی کا حل کیسے نکالیں، والدین کی دوائیں کہاں سے لائیں۔ ہر روز کوئی نہ کوئی پیپلزپارٹی میں شامل ہورہا ہے۔ مہنگائی ختم کرنے کا حل صرف پی پی کے پاس ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنے والی سکیموں میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالنا چاہتا۔ الیکشن کمیشن فوری طور پر انتخابی شیڈول جاری کرے۔ ترقیاتی فنڈز اور منصوبوں کی تکمیل کے اصول واضح ہیں۔ الیکشن کمیشن سے مطالبہ سے ترقیاتی فنڈز کی تقسیم کا نوٹس لے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں الیکشن کی ڈیٹ نظر نہیں آرہی کہ کب ہے۔ لیول پلیئنگ کی صورتحال سب کو نظر آرہی ہے۔ الیکشن کا تعلق ہم سے نہیں الیکشن کمیشن سے ہے۔ لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ مسلم لیگ ن سے ہے اسٹیبلشمنٹ سے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ پریکٹس اینڈ پروسیجر کا کیس چل رہا، اس میں عدالت کا خود اسٹیک ہے۔ سپریم کورٹ کی کارروائی براہ راست دکھانا خوش آئند ہے۔