باہر کی باتیں نہیں سنتا: بابر اعظم نے عاقب جاوید کو کھری کھری سنادیں 

11:25 PM, 19 Sep, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہاہے کہ انگلینڈ کے خلاف کھیلی جانے والے ٹی ٹونٹی سیریز بہت اہم ہے، سیریز کے پہلے میچ کی گیٹ منی سیلاب متاثرین کے فنڈ میں جمع کرائی جائے گی اس لئے شائقین زیادہ سے زیادہ تعداد میں سٹیڈیم آکر میچ سے محظوظ ہوں۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ٹی ٹونٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم کافی عرصے بعد پاکستان آئی ہے،یہ سیریز ہمارے لیے بہت اہم ہے اور اس بڑی سیریز سے آئندہ ماہ آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میں ہمیں بڑی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2سال سے رضوان اور میری اوپننگ جوڑی کافی کامیاب رہی اورہماری اوپننگ جوڑی سے پاکستان کو کافی فتوحات حاصل ہوئی ہیں ۔ میری اور رضوان کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ میچ کو آگے لے کر جائیں، عاقب جاوید کی تنقید پر ان کا کہنا تھا کہ باہر کی باتیں نہیں سنتے ان کی اپنی رائے ہوگی۔ میرا سٹرائیک ریٹ اوپر نیچے ہوتا رہتا ہے۔ ایشیا کپ میں اپنی پرفارمنس کی فکر تھی لیکن مڈل آرڈر کے پرفارم کرنے کی خوشی تھی۔ہرشل گبز سے میری بات نہیں ہوئی۔ 

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کے ایک میچ کی فیس سیلاب متاثرین کو دیں گے۔ ایشیا کپ میں ڈاٹ بال ہم نے زیادہ کھیلیں تاہم اس سے میچ کے نتائج پر فرق نہیں پڑا۔ ہم نے اسی بیٹنگ لائن اپ سے 200 بھی کئے اور 200 رنز کے ہدف کو کامیابی سے حاصل بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر میچ میں صورتحال مختلف ہوتی ہے، برے وقت میں اپنے اوپر یقین رکھیں، اچھا کریں یا برا باتیں ہمیشہ ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل سٹیڈیم کراچی کی وکٹ نئی بنی ہے۔ بابراعظم نے کہا کہ شاہین آفریدی کی کمی محسوس ہوگی۔ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں شاہین باؤلنگ شروع کریں گے۔ 

مزیدخبریں