لاہور : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کی تقریر پر رد عمل میں کہا ہے کہ وہ چکوال میں کھڑا ہو کر اپنا آرمی چیف مانگ رہے ہیں۔
مریم نواز نےسینئر صحافی طلعت حسین کی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ انوکھا لاڈلا چکوال میں کھڑا ہو کر اپنی مرضی کا آرمی چیف مانگ رہا ہے ۔
واضح رہے کہ عمران خان نے چکوال میں جلسے سے خطاب کرتے کہا کہ میں ڈی جی آئی ایس پی آر سے سوال پوچھتا ہوں کہ آپ نے میری بات سمجھی نہیں اور رد عمل دے دیا۔ اب پوری قوم میرے ساتھ ہے کہ اس حکومت کو نیا آرمی چیف نہیں تعینات کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر ایکس اور مسٹر وائے خُفیہ نمبروں سے ہمارے بندوں کو دھمکیاں دیتے ہیں ہم بھی دھمکیاں دینگے جو کرنا ہے کرلو، ہم بھی کریں گے تم ہوتے کون ہو ہمیں دھمکیاں دینے والے ہم تمہیں بھی دیکھ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو لانے والے غدار ہیں ۔ انہوں نے میری حکومت گرا کر غداری کی۔ قوم کو جگانا چاہتا ہوں کہ تیار ہو جائے اب موجودہ حکومت کے خلاف فائنل راؤنڈ کھیلنا ہے۔