اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر نے ضمنی انتخابات میں سرکاری مشینری اور ہیلی کاپٹر کے استعمال اور وزیراعلٰی کے پی، وزراء کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی متواتر خلاف ورزیوں کا نوٹس لے لیا۔ چیف الیکشن کمشنر کہتے ہیں چیف سیکرٹری اور ایڈووکیٹ جنرل اپنی حکومت کو جاکر بتائیں کہ خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن ضمنی انتخاب میں تمام امیدواروں کو یکساں مواقع کی فراہمی یقینی بنائے گا۔خلاف ورزی کی صورت میں تمام جماعتوں،امیدواروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ چیف سیکرٹری کے پی اپنی حکومت کو الیکشن کمیشن کا پیغام پہنچائیں ۔صوبائی حکومت الیکشن کی معاونت پر تیار نہ ہوئی تو مجبوراً ضمنی انتخاب ملتوی کرنا پڑے گا۔ الیکشن کمیشن نے معاملے کی باضابطہ سماعت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کرنے کی ہدایت کردی۔