کوئٹہ : بلوچستان میں حکمران اتحاد میں ناراض لوگوں کو منانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ناراض اراکین کا کہنا ہے کہ اگر وزیر اعلیٰ جام کمال استعفیٰ دے دیں تو وہ ان کو باعزت راستہ دینے کے لیے تیار ہیں جبکہ مذاکراتی ٹیم کے رکن سرفراز بگٹی کا کہنا ہے ناراض اراکین کو منا لیا جائے گا۔
نیو نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ جام کمال خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ حل ہوتا نظر آ رہا ہے اور بظاہر جام کمال کے سر پر لٹکی تلوار ہٹتی نظر آ رہی ہے۔ حکمران جماعت بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادی جماعتوں میں شامل ناراض اراکین کو منانے کی کوششیں بڑی حد تک کامیاب ہوگئی ہیں ْ
مذاکراتی ٹیم کی طرف سے ناراض اراکین سے کہا جارہا ہے وہ حزب اختلاف کی تحریک عدم اعتماد کی حمایت نہ کریں ۔ ناراض اراکین اس بات پر مشروط آمادہ ہوگئے ہیں۔
ناراض اراکین کہتے ہیں اگر وہ چاہتے ہیں حزب اختلاف کو کریڈٹ نہ ملے تو جام کمال خود مستعفی ہوجائیں ۔۔۔ انہوں نےجام کمال کے استعفیٰ کے لیے پندرہ دن کی مہلت دینے پر بھی آمادگی کا اظہار کیا۔۔
ناراض اراکین کے مطابق بعض تیکنیکی وجوہات کی بنیاد پر تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری میں بھی پندرہ دن لگ سکتے ہیں۔