ڈیلاس: امریکی ائیر لائن نے دوران پرواز پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو جہاز سے نیچے اتار دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی باکسر عامر خان کو اس وقت مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا جب دوران پرواز امریکی ائیرلائن نے ماسک صحیح طریقے سے نہ پہننے پر انہیں جہاز سے نیچے اتار دیا۔ امریکی ائیر لائن کے مطابق پرواز نیو یارک سے ڈیلاس جا رہی تھی کہ اس دوران 2 مسافروں نے ماسک صحیح انداز سے نہیں پہنا ہوا تھا جس پر عملے نے درخواست کی لیکن مسافروں کے انکار پر پرواز واپس لوٹ آئی اور مسافروں کو نیچے اتار دیا گیا۔
دوسری جانب باکسر عامر خان نے ٹوئٹر پر کہا کہ امریکی ائیر لائن کی جانب سے سفر پر پابندی انتہائی نامناسب حرکت ہے۔ میں نے کچھ غلط نہیں کیا تھا تاہم مجھے اور میرے دوست کو پھر بھی جہاز سے پولیس نے نیچے اتارا اگر میں نے کچھ غلط کیا ہے تو ثبوت کے طور پر ویڈیو دکھائی جائے۔