سردار عطااللہ مینگل کی جمہوریت کیلئے بڑی خدمات ہیں: شہباز شریف

03:01 PM, 19 Sep, 2021

کراچی: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا کہ عطااللہ مینگل کے انتقال پر تعزیت کیلئے حاضر ہوئے ہیں ، سردار عطااللہ مینگل کی جمہوریت کے لیے بڑی خدمات ہیں ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ جمہوریت کی جدوجہد کرنے پر تاریخ عطااللہ مینگل کو یاد رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی شق 58 ٹو بی کے تحت کئی حکومتوں کا بستر گول کیا گیا تھا ۔ آئین کی شق 58 ٹو بی کو ختم کرنے میں عطااللہ مینگل کا اہم کردار تھا ۔

صدر ن لیگ نے کہا کہ ہمیں تمام صوبوں کے حقوق کا احترام کرنا ہوگا ۔ بلوچستان آبادی کے لحاظ سے سب سے چھوٹا صوبہ ہے ۔ بلوچستان کے عوام کی محرومیاں ختم کرنا ہوں گی ۔ جمہوریت کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا ۔

سردار اختر مینگل نے کہا کہ شہباز شریف تعزیت کے لیے گاؤں آنا چاہتے تھے ، اُن کی طبعیت ٹھیک نہیں تھی ۔ اس لیے شہباز شریف سے کہا تھا جب کراچی آجاؤں ، آپ آجائیے گا ۔ تشریف لانے پر شہباز شریف ان کی فیملی اور پارٹی کا مشکور ہوں ۔

مزیدخبریں