خیبر پختونخوا کے علاقے کوہاٹ میں پولیو ٹیم پر فائرنگ، کانسٹیبل شہید  

12:40 PM, 19 Sep, 2021

کوہاٹ: خیبر پختونخوا کے علاقے کوہاٹ میں بچوں کو موذی مرض پولیو سے نجات کیلئے قطرے پلانے والی ٹیم پر فائرنگ کرکے ان کی سیکیورٹی پر مامور ایک کانسٹیبل کو شہید کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کوہاٹ کے ڈھل بہزادی ایریا میں پیش آیا۔ ملزموں نے انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی جس سے ہیلتھ ورکرز تو محفوظ رہیں لیکن ان کیساتھ موجود کانسٹیبل شہید ہو گیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، اہلکاروں نے شواہد اکھٹے کئے جبکہ شہید کانسٹیبل کی لاش کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی ذاتی عناد یا دشمنی سمیت دیگر پہلوؤں پر انوسٹی گیشن شروع کر دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز سب سے زیادہ رپورٹ ہوتے ہیں لیکن وہاں کی عوام میں اپنے بچوں کو اس سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلانے کا رجحان بہت ہی کم ہے۔ 2019 میں صوبہ خیبرپختونخوا پولیو کے مرض سے سب زیادہ متاثر رہا جہاں کم از کم 90 سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے تھے۔

2020ء میں صوابی میں بھی اسی قسم کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں فائرنگ کرکے 2 خواتین ہیلتھ ورکروں کو جاں بحق کر دیا گیا تھا۔

مزیدخبریں