پاکستان میں لاحق خطرے کی اطلاعات مصدقہ تھی: نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ  

11:02 AM, 19 Sep, 2021

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سربراہ ڈیوڈ وائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ دورہ پاکستان کے دوران سیکیورٹی تھریٹس کی اطلاعات مصدقہ تھیں جن کی آزادانہ طور پر تفتیش بھی کروائی گئی تھی۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ حکام 17 ستمبر کو میچ کے ٹاس سے صرف آدھا گھنٹہ قبل سیکیورٹی تھریٹس کا بہانہ بنا کر پاکستان کا دورہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ کیوی ٹیم کے اس اقدام سے شائقین کرکٹ کے دل ٹوٹ گئے تھے جو گزشتہ 18 سال سے اس کا انتظار کر ہے تھے۔

ڈیوڈ وائٹ کا کہنا تھا کہ دورہ پاکستان کے دوران ہماری ٹیم کو جو خطرات لاحق تھے اس سے پی سی بی حکام کو بتا دیا گیا تھا لیکن ہم اس کی تفصیلات پاکستانی حکام کیساتھ کبھی شیئر نہیں کرینگے۔ اس کی تفصیل دی نہ ہی کبھی دیں گے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہمارے کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑی اور عملے کے اراکین اس وقت متحدہ عرب امارات پہنچ چکے ہیں، انھیں کورونا ایس او پیز کے تحت آئسولیٹ کر دیا گیا ہے۔

ڈیوڈ وائٹ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہمیں علم ہے کہ یہ وقت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کیلئے بہت مشکل ہے، ہم ان کے پیشہ وارانہ رویے کے مشکور ہیں۔ ہم پاکستان کیساتھ سیریز کے انعقاد کیلئے بہت پرعزم اور پرجوش تھے لیکن نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے سیکیورٹی تھریٹس کے حوالے سے جو مصدقہ اطلاعات دی گئیں، اس کے بعد ہمارے لئے کوئی چارہ باقی نہیں رہ گیا تھا کہ اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان سے نکال لیں۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ دورے سے متعلق متعلق پراعتماد تھا، ہم نے پاکستان میں سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا تھا لیکن 17 ستمبر کو سارا منظر نامہ بدل گیا، اس کے بعد جو ہمیں ٹھیک لگا، ہم نے وہ فیصلہ کر لیا۔

مزیدخبریں