آصف زرداری کا اپوزیشن کی اے پی سی میں شرکت کرنے کا فیصلہ

آصف زرداری کا اپوزیشن کی اے پی سی میں شرکت کرنے کا فیصلہ
کیپشن: اے پی سی میں آصف زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کریں گے۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی اپوزیشن کی اے پی سی میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اس بات کی تصدیق کی کہ آصف علی زرداری اے پی سی میں شرکت کریں گے۔

ٹویٹر پر بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ کل 20 ستمبر کو ہونے والی اے پی سی میں آصف زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کریں گے۔

گزشتہ روز نواز شریف بھی بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو ٹیلیفون کیا تھا اور ان کو اے پی سی میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی دعوت تھی جو انہوں نے قبول کر لی تھی۔

ادھر ن لیگ کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کا اے پی سی سے خطاب سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے دکھانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں جس پر حکومت نے شدید رد عمل دیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ اپوزیشن کی اے پی سی کے دوران نواز شریف کا خطاب نشر ہوا تو پیمرا اور دیگر آپشن استعمال ہوں گے۔ کیسے ممکن ہے مفرور مجرم سیاسی سرگرمیاں کرے اور بھاشن دے۔