لاہور بورڈ کے میٹرک کے نتائج کا اعلان، کامیابی کا تناسب 71.51 فیصد

05:59 PM, 19 Sep, 2020

لاہور: مسلسل تاخیر کے بعد پنجاب حکومت کی طرف سے میٹرک کلاس کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ کامیابی کا تناسب 71.51 فیصد رہا جبکہ پوزیشنز کا اعلان نہیں کیا گیا۔

چیئرمین لاہور بورڈ ریاض ہاشمی کے مطابق میٹرک کلاس کے نتائج اعلان کر دیا گیا ہے۔ طلبہ 80025 پر ایس ایم ایس کریں اور رزلٹ معلوم کریں، کامیابی کا تناسب 71.51 فیصد رہا۔ 

چیئرمین لاہور بورڈ کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں کا مستقبل آگے لے جانے میں پریشانی تھی، کورونا کے مسائل کی وجہ سے دنیا کی طرح ہم بہت مشکل دور سے گزرے،

ان کا کہنا تھا کہ ہیومینٹی گروپ میں کامیابی کی شرح 52.16 فیصد ہے، ہم نے نہایت شفاف انداز سے رزلٹ کو تیار کیا ہے، خاص ایس او پیز بنا کر ہمیں مارکنگ کی اجازت ملی اور یہ کام مکمل کیا گیا، کورونا کی وجہ سے پہلے ہمیں مارکنگ کی اجازت نہیں مل رہی تھی۔

ریاض ہاشمی کا کہنا تھا کہ آج کے رزلٹ میں پوزیشنز کا اعلان نہیں کیا جا رہا، گریڈنگ کو اپنایا گیا، ہمارے کل امیدوار 1 لاکھ 68 ہزار تھے اور ایک لاکھ 66 ہزار نے امتحان دیا۔

انہوں نے کہا کہ سائنس گروپ میں کامیابی کی شرح 79 فیصد ہے، مجموعی طور پر 2 لاکھ 37 ہزار طلبہ نے امتحان دیا تھا، پریکٹیکل کے لیے حکومت نے جو پالیسی بنائی اس پر عمل کیا گیا، پریکٹیکل میں 50 فیصد نمبر سب کو دیئے، باقی 50 فیصد ان کے پیپر کے مطابق دئیے، کامیابی کا تناسب 71.51 فیصد رہا ۔

ان کا کہنا تھا کہ 880 نمبر یا زیادہ لینے والے طلبہ کا اے پلس گریڈ ہو گا، 770 سے 879 تک نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کا گریڈ اے ہو گا، 660 سے 769 نمبر لینے والے طلبہ گریڈ بی کے مستحق ہوں گے۔ 550 سے 659 نمبر لینے والے طلبہ کا گریڈ سی ہو گا، 440 سے 549 نمبر لینے والے طلبہ کا گریڈ ڈی ہو گا۔ 440 نمبر سے کم لینے والے طلبہ کا گریڈ ای ہو گا۔

مزیدخبریں