اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے اعلان کیا ہے کہ اگر مفرور مجرم نواز شریف نے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے خطاب کیا اور ان کا خطاب نشر ہوا تو حکومت پیمرا اور دیگر قانونی آپشنز استعمال کرے گی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یہ کس طرح ممکن ہے کہ مفرور مجرم سیاسی سرگرمیوں کا حصہ ہو اور وہ بھاشن دے؟
اگر مفرور مجرم نواز شریف نے اے پی سی سے خطاب کیا اور ان کا خطاب نشر ہوا تو پیمرا اور دیگر قانونی آپشن استعمال ہوں گے۔ یہ کس طرح ممکن ہے کہ ایک مفرور مجرم سیاسی ایکٹیوٹییز کرے اور بھاشن دے-شریف خاندان جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتا۔ اتنے جھوٹے ہیں کہ بیماری پر بھی جھوٹ بولتے ہیں۔
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) September 19, 2020
معاون خصوصی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ شریف خاندان جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتا، یہ اتنے جھوٹے ہیں کہ بیماری پر بھی غلط بیانی کرتے ہیں۔گزشتہ روز چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کرکے انہیں اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
بلاول نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میاں نواز شریف سے ابھی ٹیلی فون پر بات کی،ان کی صحت سے متعلق دریافت کی اور سابق وزیراعظم کو پیپلز پارٹی کی زیرصدارت 20 ستمبر کو ہونے والی اے پی سی میں باقاعدہ شرکت کی دعوت دی ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول کی ٹوئٹ کے جواب میں پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر اور نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے لکھا “شکریہ بلاول بھٹو، آپ کے لیے بہت ساری دعائیں”.
یاد رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی نے آل پارٹیز کانفرنس 20 ستمبر کو اسلام آباد میں بلانے کا اعلان کر رکھا ہے۔