موٹروے زیادتی کیس،ملزم عابد چھلاوا بن گیا، مختلف خاکے جاری

10:33 AM, 19 Sep, 2020


لاہور: موٹروے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد ملہی چھلاوا بن گیا۔ پولیس نے ملزم کے مختلف خاکے جاری کر دیے۔موٹروے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم پولیس کے لیے درد سر بن گیا جسے پولیس گیارہ روز بعد بھی پکڑنے میں ناکام رہی۔ گزشتہ روز ملزم کی موجودگی کی اطلاع اس کی سالی نے پولیس کو دی لیکن پولیس ملزم کے حلیہ تبدیل کیے جانے باعث اسے پکڑنے میں ناکام رہی۔

ملزم کے بھیس بدلنے کا معاملہ سامنے آنے پر پولیس کی 28 تفتیشی ٹیموں کو ملزم کے 7 مختلف خاکے جاری کر دیے ہیں۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے راجہ جنگ میں بھی سرچ آپریشن کیا گیا تاہم پولیس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تاہم پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم شفقت اور ملزم عابد کی بیوی کی نشاندہی پر ملزم کی ریکی کی جا رہی ہے اور جلد گرفتاری عمل میں آ جائے گی۔

پولیس کے مطابق زیرحراست افراد میں عابد کے دو کزن، ایک خاتون اور دو عزیز شامل ہیں۔ دو روز قبل ان افراد کا عابد سے رابطہ ہوا تھا۔ زیر حراست افراد کو قصور سے لاہور منتقل کر دیا گیا جہاں ان سے نامعلوم مقام پر مزید تفتیش کی جائے گی۔ 

پولیس کے مطابق ملزم کی بیوی کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ خاتون مرکزی ملزم کے ساتھ شیخوپورہ کے گاؤں قلعہ ستار شاہ سے فرار ہوگئی تھی۔ عابد کی بیوی بچوں کو لینے مانگا منڈی میں اپنے سسرال پہنچی۔ جہاں پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔

ملزم کی بیوی نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ عابد کافی پریشان دکھائی دے رہا تھا۔ اس واقعے کے بارے میں مجھے نہیں بتایا۔ عابد کی جب شناخت ہوئی تو وہ فرار ہو گیا۔

مزیدخبریں