کابل: عرب میڈیا کے مطابق افغان فورسز نے صوبہ ننگر ہار کے ضلع خوگیانی میں امریکی فورسز کی مدد سے ڈرون حملہ کیا جس کی زد میں آ کر 30 شہری ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان فورسز دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنانا چاہتی تھیں تاہم حملے کی زد میں فصلوں میں کام کرتے کسان آ گئے۔ کئی افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
افغان وزارت دفاع نے ڈرون حملے کی تصدیق اور واقعے سے متعلق تفصیلات دینے سے انکار کر دیا جب کہ گورنر ننگر ہار کے ترجمان عطااللہ خوگیانی نے ڈرون حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افغان حکومت معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے اور ابھی 9 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔
دوسری جانب افغانستان میں موجود امریکی فورسز نے کارروائی پر تاحال کسی قسم کا ردعمل نہیں دیا ہے۔