ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے اور گرفتاریوں کیخلاف اپوزیشن کا احتجاج

01:44 PM, 19 Sep, 2019

اسلام آباد: ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے اور گرفتاریوں کے خلاف اپوزیشن نے احتجاج کیا اور پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی کیمپ لگا لیا۔احتجاجی کیمپ کے شرکاء نے نواز شریف سمیت گرفتار دیگر رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کر دیا۔ احتجاجی کیمپ میں نواز شریف، آصف زرداری، شاہد خاقان عباسی، مریم نواز، خواجہ سعد رفیق اور رانا ثناء اللہ کی تصاویر آویزاں کر دی گئیں۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر کا کہنا تھا حکومت نے مہنگائی کا طوفان برپا کیا ہوا ہے اور لوگ فاقوں پر آ گئے۔ مشرف کے دور میں بھی ایسا نہیں ہوا اور اتنے سارے لوگوں کو گرفتار کرنا اس سے قبل ہم نے نہیں دیکھا۔ لوگ جب آپ کے خلاف اٹھے گے تو آپکو پتا بھی نہیں چلے گا۔

نوید قمر نے مزید کہا آپ طاقت کے نشے میں خود کو بادشاہ سمجھ رہے ہیں اور اراکین پارلیمنٹ کو اپنے حلقوں کی نمایندگی سے بھی محروم کیا جا رہا ہے۔ اسمبلی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے اور یہ اسمبلی کو پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کی طرح چلانا چاہتے ہیں۔

لیگی رہنما خواجہ آصف نے احتجاجی کیمپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ احتجاج اسپیکر قومی اسمبلی کے رویے کے خلاف ہے کیونکہ پروڈکشن آرڈر جاری نہ کر کے اراکین کو حق سے محروم کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسپیکر کے رویے اور قانون کی تشریح میں زمین آسمان کا فرق ہے اور چیئرمین سینٹ پروڈکشن آرڈر جاری کر رہے ہیں۔ اسپیکر نے کمیٹیوں کیلئے بھی پروڈکشن آرڈر جاری کرنا روک دئیے۔ یوں معلوم ہوتا ہے اسپیکر کی پارٹی سے وفاداری حلف کے سامنے آ رہی ہے۔

مزیدخبریں