تیل تنصیبات کے نقصان کا معاوضہ انشورنس کمپنیاں نہیں دیں گی، سعودی وزیر توانائی

10:13 AM, 19 Sep, 2019


ریاض: سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ آرامکو کمپنی تیل تنصیبات پر حملوں کے نقصانات کی رپورٹ تیار کررہی ہے تاہم انشورنس کمپنیاں تخریبی سرگرمیوں یا جنگی و عسکری حملوں سے ہونے والے نقصان کا معاوضہ نہیں دیا کرتیں۔

سعودی اخبارکے مطابق ریاض میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر توانائی نے بتایا ہے کہ آرامکو کی مجلس انتظامیہ نقصانات کا تخمینہ لگا کر فہرست تیار کررہی ہے جو حکومت کو پیش کی جائے گی۔ اسی کے بعد نقصانات کی تلافی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ تیل تنصیبات پر تخریبی حملے کے نتیجے میں سعودی عرب کی خام تیل کی پیداوار 50 فیصد تک کم ہوگئی تھی۔ گزشتہ دو روز کے دوران نقصانات کی تلافی کرلی گئی اور پیداوار معطل ہونے سے جو نقصان ہوا تھا 50 فیصد سے زیادہ پورا کرلیا گیا ہے۔

وزیر توانائی نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب اس ماہ کے آخر تک 11ملین بیرل تیل یومیہ نکالنے لگے گا اور نومبر کے آخر تک 12ملین بیرل تیل نکالنے کی پوزیشن میں ہوگا۔

مزیدخبریں