لاہور: پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اندازہ تھا اسلام آباد ہائیکورٹ ضمانت دے دے گی، نواز شریف کو ہمیشہ ریلیف ملتا رہا، آج بھی مل گیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواز شریف کی سزا معطلی پر ردعمل دیتے ہوئے کیا، قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ ہے سب کو تسلیم کرنا ہوگا، کمزور انویسٹی گیشن کی وجہ سے ہمیشہ طاقتور بچ جاتا ہے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ تفصیلی فیصلہ آئے گا تو پتا چلے گا کن نکات پر ریلیف دیا گیا ہے، ابھی سزا معطل ہوئی، نواز شریف کو مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا، جو جائیدادیں تسلیم کی تھیں ان کی منی ٹریل تو دینا پڑے گی۔
یاد رہے کہ آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر ) صفدر کی سزا معطلی کی درخواستوں پر جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے سماعت کی۔
ہائی کورٹ نے ایوان فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز،کپیٹن(ر)صفدر کی سزائیں معطل کرتے ہوئے تینوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا.