اسلام آباد: سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عدالت نے جو حکم دیا وہ سر آنکھوں پر، اسلام آباد ہائیکورٹ سے انصاف بالآخر مل گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ کیس میں شریف خاندان کی سزائیں معطل ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی جانب سے مچلکے جمع کروانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
نیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ہی مچلکے جمع کروا دیے جائیں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ سے انصاف بالآخر مل گیا۔ انصاف کا بول بالا ہوا۔ہائیکورٹ کے باہر پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج پھر نواز شریف سرخرو ہوئے ہیں۔ ان مقدمات میں آئین ہے نہ قانون ہے۔
محمد زبیر نے کہا کہ انصاف ہوتے ہوتے دیر ہوگئی، کیسز سیاسی ہیں۔ یقین تھا فیصلہ حق میں آئے گا۔ عوام ان ججز کو جانتے ہیں انہوں نے بغیر دباؤ کے فیصلہ دیا۔انہوں نے کہا کہ شروع دن سے کہہ رہے ہیں ان مقدمات میں کوئی جان نہیں، کیس کسی کے خلاف نہیں تھا، ایک کیس میں پورے خاندان کو ٹارگٹ کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جسٹس اطہر من اللہ بہترین جج ہیں، وکلا تحریک میں ان کا کردار رہا۔خیال رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز، کپیٹن (ر) صفدر کی سزائیں معطل کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔