اسلام آباد:سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مرتضیٰ بھٹو کا قتل جس پراسرار ماحول میں ہوا اس میں ایک بھٹو پر دوسرے بھٹو کے قتل کا الزام لگانا مقصود تھا ۔
میر مرتضیٰ بھٹو کی 21ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میر مرتضیٰ بھٹو نے سخت ترین جلاوطنی برداشت کی، اپنی والدہ اور ہمشیرہ پر ڈکٹیٹرشپ کی جانب سے ظلم ہوتے ہوئے دیکھا، اپنے والد اور بھائی کے قتل کا صدمہ برداشت کیا لیکن انہوں نے اپنے اصولوں کو نہیں چھوڑا اور ڈکٹیٹر سے کسی بھی مفاہمت سے انکار کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے قتل کے تحقیقات افسر کو بھی پراسرار انداز میں قتل کر دیا گیا۔ تاریخ میں کوئی چیز راز نہیں رہتی اور یہ ہمارا یقین ہے کہ میر مرتضیٰ کے قاتل نہ صرف بے نقاب ہوں گے بلکہ انہیں سزا بھی ملے گی۔