بیجنگ: چین اور روسی وزراء خارجہ نے کہا ہے کہ جزیرہ نما کوریا کے تنازعے کو پر امن طریقے سے حل کیا جائے ، سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل درآمد کے لیے امن مذاکرات کی بحالی بھی ضروری ہے۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق چینی اور روسی وزرائے خارجہ نے جزیرہ نما کوریا کے تنازعے کو پر امن طریقے سے حل کرنے پر زور دیا ہے۔دونوں وزراء خارجہ اپنے اپنے ممالک کی طرف سے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے موجود ہیں۔
چینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ای اور روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ پیونگ یانگ کے ساتھ جاری تناؤ کے پر امن حل کا راستہ تلاش کریں۔چینی وزیر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل درآمد کے لیے امن مذاکرات کی بحالی بھی ضروری ہے۔