نیو یارک: سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے امریکی نائب وزیرخارجہ ٹام شینن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں افغانستان میں امن و امان کی صورت حال سمیت امریکا کی جنوبی ایشیا کے حوالے سے نئی پالیسی کے خطے پر پڑنے والے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ حالیہ امریکی بیانات پر پاکستان کا بھی سخت ردعمل سامنے آیا اور پاکستان کے لیے امریکا کے ساتھ تعلقات کی بہت اہمیت ہے جب کہ دونوں ممالک انسداد دہشتگردی اور مشترکہ دشمن کے خاتمے کے لیے تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں بلکہ افغان امن کا معاملہ مذاکرات کے ذریعے ہی حل ہو سکتا ہے جب کہ افغانستان سے داعش کے خاتمے کے لیے دونوں مل کر کام کر سکتے ہیں اور پاکستان افغانستان میں امن کیلئے مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
دوسری جانب سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور افغان نائب وزیر خارجہ حکمت کرزئی کے درمیان بھی ملاقات ہوئی جس میں افغانستان میں امن و استحکام کیلئے دو طرفہ تعاون پر بات چیت ہوئی جب کہ سیکرٹری خارجہ نے افغان مسئلے کے حل کے لیے پاکستان کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن علاقائی استحکام کے لیے اہم ہے۔
تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ حکومت پاکستان افغانستان سے تعلقات مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہے اور دونوں ملکوں کو مختلف شعبوں میں تعاون کے فر وغ کے لیے مل کر کام کرناچاہیے جب کہ افغان عوام اور قیادت پر مشتمل امن عمل کے ذریعے مسئلے کے حل پر توجہ دینا ہو گی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں