کیلیفورنیا: سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے اپنی نئی پرائیویسی پالیسی تیار کر لی ہے، جس کا نفاذ 15 نومبر 2024 سے کیا جائے گا۔ یہ پالیسی صارفین کی پرائیویسی کے حوالے سے اہم تبدیلیاں لے کر آئی ہے، جو کہ صارفین کے ڈیٹا کے استعمال کے متعلق ہے۔
نئی پرائیویسی پالیسی کے مطابق، ایکس صارفین کا ڈیٹا تھرڈ پارٹیز کے ساتھ شیئر کر سکے گی تاکہ وہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ماڈلز کو تربیت دینے کے لیے اس ڈیٹا کو استعمال کر سکیں۔ اس کے علاوہ، اس پالیسی کے تحت ایکس کسی بھی کمپنی کو فیس کے عوض لائسنس ڈیٹا تک رسائی فراہم کرنے کا حق بھی رکھتا ہے۔ کمپنی نے یہ پالیسی آن لائن جاری کر دی ہے تاکہ صارفین اسے پڑھ کر سمجھ سکیں۔
نئی پالیسی میں "تھرڈ پارٹی collaborators" کے نام سے ایک نیا سیکشن شامل کیا گیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ صارفین کا ڈیٹا تھرڈ پارٹیز کے ساتھ شیئر کیا جا سکتا ہے، لیکن اس کا انحصار صارفین کی سیٹنگز اور ان کے ڈیٹا شیئر کرنے کے انتخاب پر ہوگا۔
کمپنی کے مطابق، اگر صارفین اس پالیسی کو قبول کرتے ہیں تو کچھ صورتوں میں تھرڈ پارٹیز ان کا ڈیٹا اپنے مقاصد کے لیے، جیسے کہ اے آئی ماڈلز کی تربیت، استعمال کر سکتی ہیں۔ اگرچہ کمپنی نے صارفین کو پالیسی کو قبول نہ کرنے کا آپشن بھی فراہم کیا ہے، تاہم فی الحال یہ واضح نہیں کہ صارفین ایسا کس طرح کر سکیں گے۔
پرائیویسی پالیسی میں موجودہ وقت میں ڈیٹا شیئرنگ سے opting out کا کوئی واضح آپشن نظر نہیں آتا، لیکن امکان ہے کہ نومبر میں اس حوالے سے صارفین کو مزید آپشنز فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی ترجیحات کے مطابق اس پالیسی کو قبول یا مسترد کر سکیں۔