راولپنڈی:آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے فضائی مشق انڈس شیلڈ کے مشاہدے کے لیے پاک فضائیہ آپریشنل ایئر بیس کا دورہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فضائی مشق انڈس شیلڈ کے مشاہدے کے لیے پاک فضائیہ آپریشنل ایئر بیس کے دورے میں ترکی، آذربائیجان اور ہنگری کے ایئرچیفس بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔
مہمان ایئر چیفس نے 14 ملکی میگا فضائی مشق کا مشاہدہ کیا۔ آرمی چیف کی آمد پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے استقبال کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کا تعارف غیر ملکی معززین اور پاک فضائیہ کے پرنسپل سٹاف آفیسرز سے کرایا گیا۔ آرمی چیف نے ایئر پاور سینٹر آف ایکسی لینس کی تربیتی سہولت اور مشق کے بارے میں بریفنگ لی۔
مشقوں کا مقصد فضائی جنگ کے جدید تصورات کو مستحکم کرنا، باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے،ایئر چیف نے جنرل سید عاصم منیر کی طرف سے پاک فضائیہ کی جدید کاری کی مہم میں بھرپور تعاون کی تعریف کی اور 14 اتحادی ممالک کی بھرپور شرکت کو سراہا۔