بیجنگ:نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان اور چین کے تعلقات میں دراڑ نہیں ڈال سکتی۔نگران وزیراعظم نے چین کے صدر شی چن پنگ سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان اور چین کے تعلقات میں دراڑ نہیں ڈال سکتی۔
نگران وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ چین پاکستان کا تزویراتی شراکت دار ہے، پاکستان چین کے ساتھ تعلقات سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔ان کا کہنا تھا کہ شی چن پنگ کی وژنری قیادت میں پاکستان کیلئے بہت سے مواقع موجود ہیں، چین کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ چین کی ترقی سب کیلئے بہترین مثال ہے، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا بہترین ذریعہ ہے۔اس موقع پر چینی صدر نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کا فروغ چاہتا ہے۔ سی پیک پاکستان اور چین کے مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔