عمران خان تم سیاسی دجال، کٹھ پتلی، جھوٹے ، منافق اور نالائق ہو، سیاست تمہارے بس کی بات نہیں، فنی گالا میں مزے کرو: بلاول 

09:14 PM, 19 Oct, 2022

نیوویب ڈیسک

کراچی : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کو  سیاسی دجال،کٹھ پتلی،جھوٹا،منافق اور نالائق قرار دیا۔ کہتے ہیں عمران خان  ملک توڑنے کی گندی  سیاست کررہا ہے،فراڈےکودوبارہ سلیکٹ نہیں ہونےدیں گے۔آپ سیاست چھوڑکرفنی گالہ میں مزےکریں۔اگر تمہارے پاس اختیار نہیں تھا تو  حکومت کیوں کی؟کرپشن کاشورمچانےوالاسب سےبڑاچورنکلا،چارسال میں تبدیلی تباہی بن گئی۔

کراچی ملیر میں  جلسے سے خطاب میں وزیرخارجہ نے کہا سلیکٹڈ کو کراچی  ملیرمیں تاریخی  شکست ہوئی ہے۔ پاکستان نوجوان قیادت کے لیے تیار ہے اور عمران خان جیسے سیاست دانوں کو ہم ہمیشہ کے لیے ریٹائرمنٹ پر بھیجیں گے۔ عمران خان کی سیاست نفرت کی جبکہ پیپلز پارٹی کی سیاست محبت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عمران خان سیاست چھوڑ کر فنی گالا میں بیٹھ کر مزے کرے اور ملک و قوم کو جینے دے۔ ملیر کے لوگوں نے ایک بار پھر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کا ساتھ دیا ہے، آپ نے ہمارے امیدوار عبدالحکیم بلوچ کو جتوایا ہے۔

بلاول بھٹو  کا کہنا تھا کہ ملیر کے عوام نے ہر دور کے ظالم، آمر اور فرعون کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، یہاں کے نوجوان حقیقی آزادی کی اصل جنگ لڑ رہے ہیں، ہم جانتے ہیں کہ جمہوری جدوجہد کس طرح کی جاتی ہے۔ 2018 میں بھی ڈاکا مارا گیا تاکہ نالائق، ناکام آدمی کو وزیر اعظم سلیکٹ کیا جائے، اور اس کا نقصان پورے پاکستان نے بھگتا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم ان شا اللہ ہمیشہ آپ کا ساتھ دیں گے، آپ کے دکھ، درد اور خوشی میں شریک ہوں گے، ہم مل کر نہ صرف کراچی کے عوام کی خدمت کریں گے بلکہ ہم پورے پاکستان کے عوام کی آواز بن کر ان کی بھی خدمت کریں گے۔پی ڈی ایم اور تمام اتحادیوں کے بھی شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارا ساتھ دیا۔

انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک جھوٹا اور منافق آدمی ہے، یہ سمجھتا ہے کہ تین، چار مہینے بعد پاکستان کے عوام بھول چکے ہیں کہ چار سال کے اندر اس شخص نے پاکستان کا کیا حشر کیا تھا، اس شخص نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن حکومت میں آکر روزگار چھین رہا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ شخص لاکھوں گھر بنانے کا وعدہ کرکے حکومت میں آکر غریبوں کے سر سے چھت چھین رہا تھا، آج بھی اس کی پوری کی پوری سیاست جھوٹ پر مبنی ہے، وہ پہلے بھی سلیکٹڈ تھا، اور اب پھر جدوجہد کر رہا ہے کہ ایک بار پھر وہ سلیکٹ ہوجائے۔

  

ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہم کہتے تھے کہ یہ سلیکٹڈ کٹھ پتلی ہے، اس کی ڈوریں کہیں اور سے چلتی ہیں، تو تب نہیں مانتا تھا اور کہتا تھا کہ ہم تو ایک پیج پر ہیں، اب خود مانتا ہے کہ اس کے ہاتھ میں کوئی اختیار نہیں تھا، اگر اس کے ہاتھ میں اختیار نہیں تھا تو اسے استعفیٰ دینا چاہیے تھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ خود تاریخ کا سب سے بڑا چور نکلا ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کہا تھا کہ پاکستان میں جتنی کرپشن اس عمران خان کے دور میں ہوئی ہے، ماضی میں کبھی نہیں ہوئی، یہ ہر کسی کو چور چور کہتا ہے، خود چندہ چور نکلا، یہ اپنا کچن شوکت خانم ہسپتال سے چلاتا ہے، ہر کسی پر الزام لگانے والا سب سے بڑا چور نکلا۔

مزیدخبریں