پاکستان سے متعلق امریکا کی پالیسی میں کوئی ردو بدل نہیں آیا، صدر بائیڈن کا بیان بے ساختہ تھا: امریکی سینیٹر

10:18 AM, 19 Oct, 2022

نیوویب ڈیسک

نیویارک: امریکی سینیٹر کرس وان ہالن نے کہا ہے کہ پاکستان سے متعلق امریکا کی پالیسی میں کوئی رد و بدل نہیں آیا ، صدر بائیڈن کا بیان بے ساختہ تھا ۔

واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیٹر نے کہا کہ دفتر خارجہ کی وضاحت سے لگتا ہے صدر بائیڈن نے یہ بیان جان بوجھ کر نہیں دیا ۔ امریکا پاکستان کے ساتھ مربوط اور مستحکم تعلقات کا خواہاں ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے نمٹنے کی کوششوں کے سلسلے میں امریکا اور پاکستان کے رابطوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ امریکی حکومت مسلسل پاکستانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے ۔

گزشتہ روز امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نے بیان دیا کہ امریکا کو پاکستان کی اپنے جوہری اثاثوں کی حفاظت کی صلاحیت اور عزم پر اعتماد ہے ۔ اس سے پہلے امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک تقریر کے دوران پاکستان کے جوہری اثاثوں کو بے قاعدہ اور پاکستان کو ایک خطرناک ملک قرار دیا تھا ۔

مزیدخبریں