ماسکو: پاکستان، روس اور چین نے افغانستان کو انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی پر اتفاق کر لیا ہے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی سی جی ٹی این کے مطابق روس کی میزبانی میں منعقدہ کانفرنس میں افغانستان کی امداد کے متعلق گفت و شنید کی گئی جس میں پاکستان، چین اور روس نے انسانی بنیادوں پر امداد دینے پہ آمادگی کا اظہار کیا۔
تینوں ممالک نے تاحال یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ افغانستان کو انسانی بنیادوں پر امداد کب اور کیسے فراہم کی جائے گی لیکن غالب امکان ہے کہ بہت جلد اس حوالے سے بھی حتمی فیصلہ ہو جائے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک دن کے وقفے کے بعد جب افغانستان کے متعلق مذاکرات کا آئندہ دور ہو گا تو اس میں شیڈول کے مطابق افغان طالبان کا بھی اعلیٰ سطحی وفد شرکت کرے گا جس میں انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے طریقہ کار اور تاریخ کے متعلق بھی فیصلہ کیا جائے گا۔
افغانستان سے امریکی اور دیگر غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد امارات اسلامیہ کی حکومت نے انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا اور ساتھ ہی خبردار کیا تھا کہ ایسا نہ ہونے کی صورت میں انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔
یورپی یونین اور برطانیہ نے اس حوالے سے شرائط عائد کی تھیں اور مطالبہ کیا تھا کہ طالبان خواتین پر عائد کردہ پابندیاں ختم کریں تو ان کی امداد کی جا سکتی ہے۔
خیال رہے کہ اس وقت ماسکو میں روس کی میزبانی میں افغانستان سے متعلق اہم اجلاس ہو رہا ہے جس میں پاکستان، چین، روس اور افغانستان شامل ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ماسکو میں ہونے والے مذاکرات میں چین اور پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت اور ایران بھی شامل ہوں گے۔ ترجمان طالبان کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ اجلاس کے ایجنڈے میں سیاسی اور معاشی امور پر گفتگو شامل ہے۔