صنعا: سعودی اتحادی فوج نے یمن کے علاقے العبدیہ میں حوثی باغیوں کی پیش قدمی روکنے کے لیے 38 فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں 150 جنگجو ہلاک ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن میں مارب کے علاقے العبدیہ میں حکومتی فورسز اور باغیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے اور اتحادی فوج نے باغیوں کے ٹھکانوں پر پے در پے فضائی حملے کیے۔
اتحادی فوج نے یہ بھی دعوی کیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مختلف مقامات پر 38 فضائی حملے کیے گئے ہیں اور حملوں میں 150 سے زائد حوثی جنگجو مارے گئے اور متعدد زخمی ہوئے جب کہ حوثی ملیشیا کی 13 گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔
دوسری جانب حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ العبدیہ میں حکومتی فورسز کی بمباری کے باوجود اب تک ہمارا کنٹرول برقرار ہے تاہم حوثی ترجمان نے اتنے بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کے اتحادی افواج کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیا۔
ادھر یمن کے وزیر خارجہ احمد بن مبارک نے اقوام متحدہ کی عہدیدار سے بات چیت میں خبر دار کیا کہ مآرب میں حوثی ملیشیا کی جارحیت کے شہری آبادی کے لیے سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ 2014 سے یمن میں سیاسی بحران کے باعث سعودی عرب اتحادی افواج اور ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں ڈھائی لاکھ افراد ہلاک اور دس لاکھ سے زائد بے گھر ہو گئے ہیں۔