نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق جارح مزاج بلے باز وریندر سہواگ کا ماننا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کی جیت کے چانسز بھارت سے زیادہ ہیں۔
بھارتی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ٹی 20 کرکٹ میں ہمیشہ ہی پاکستان کی جیت کے چانسز زیادہ ہوتے ہیں کیونکہ وہ 50 اوورز کے میچ میں شائد زیادہ اچھا نہیں کھیل پاتے، مگر ٹی 20 فارمیٹ میں صرف ایک کھلاڑی بھی دوسری ٹیم کو شکست دے سکتا ہے، لیکن پاکستان ابھی تک اس میں کامیاب نہیں ہوتا، دیکھتے ہیں 24 اکتوبر کو کیا ہوتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم گزشتہ کئی سالوں سے ایک ہی بات بار بار سن رہے ہیں۔ اور ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی میچ سے پہلے وہی باتیں ہو رہی ہیں کہ یہ بہت بڑا میچ ہے۔ لیکن جو موضوع ہمیشہ زیر بحث رہا، وہ یہ ہے کہ پاکستان ورلڈکپ میں بھارت کو ہرا نہیں پایا اور کیا وہ اس بار جیت پائیں گے؟ یہ بحث بھی گزشتہ سالوں کی طرح وہی ہے۔‘
وریندر سہواگ کا کہنا تھا کہ ’اگر میں 2011ءکے ورلڈکپ کی بات کروں یا پھر 2003ءمیں کھیلے گئے ورلڈکپ کی، توورلڈکپ میں ہماری پوزیشن بہتر ہونے کی وجہ سے ہم پر دباؤ بھی کم ہوتا ہے۔ تو میرے خیال میں جب ہم اس طرح کے روئیے کیساتھ کھیلتے ہیں تو پھر بڑے بڑے بیان نہیں دیتے۔ لیکن پاکستان کی جانب سے ہمیشہ ہی ایسی باتیں کی جاتی ہیں کہ ہم اس مرتبہ تاریخ بدل دیں گے۔ مگر بھارت ایسی باتیں نہیں کرتا، بلکہ ہم بہتر تیاری کیساتھ جاتے ہیں۔ ‘
’ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کی جیت کے امکانات زیادہ ہیں کیونکہ۔۔۔‘ وریندر سہواگ کا حیران کن بیان
05:40 PM, 19 Oct, 2021