لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کے وفد کی ملاقات ، وزیر اعلیٰ نے یونیورسٹیز سے متعلقہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت ۔
اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ آج نبی پاکؐ کی ولادت با سعادت کا خوبصورت دن ہے اسلیے یونیورسٹیز کے ملازمین اور اساتذہ کے لئے ڈسپیرٹی ریڈیکشن الاؤنس کی اصولی منظوری دینے کا اعلان کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ الاؤنس کے حوالے سے محکمہ خزانہ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔ یونیورسٹیز کے دیگر معاملات کو بھی بہتر بنائیں گے ۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب میں سمارٹ یونیورسٹی کے منصوبے پر بھی کام کر رہے ہیں ۔ ہر ضلع میں معیاری یونیورسٹی کا قیام ہمارا مشن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رحمت اللعالمینؐ کی ذات اقدس پر ریسرچ کے لئے 6 یونیورسٹیز میں سیرت چیئرز قائم کر دی ہیں ۔ سیرت چیئرز کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے ۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ہائرایجوکیشن پر پورا فوکس ہے ۔ پنجاب حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے آپ کو پورا سپورٹ کرے گی ۔
وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر نیاز اختر ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر ، وائس چانسلر پنجاب تیانجن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی لاہور پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاکر ، وائس چانسلر میر چاکر خان رند یونیورسٹی اوکاڑہ ، ڈاکٹر محمود سلیم اور وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر نوید اے چودھری شامل تھے ۔
صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں ، معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور ، سیکرٹری خزانہ ، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ، رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی لاہور، رجسٹرار یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔