پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے سمندر میں ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ میزائل ممکن طور پر آبدوز سے فائر کئے گئے تاہم تفصیلات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے سمندر میں مشرق کی جانب ناقابل شناخت بیلسٹک میزائل فائر کیا۔ جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یہ میزائل سمندر سے فائر کیا گیا مگر ابھی یہ جاننا باقی ہے کہ کیا یہ میزائل آبدوز کے ذریعے فائر کیا گیا۔
جاپان نے شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائل تجربوں کو افسوسناک قرار دیا ہے جبکہ جنوبی کوریا اور امریکی انٹیلی جنس تفصیلات کا جائزہ لے رہی ہیں۔ خیال رہے کہ رواں ہفتے شمالی کوریا کی جانب سے ایٹمی صلاحیت کے حامل سپر سونک میزائل اور کروز میزائل کے تجربات کئے تھے۔
جاپان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل یوشی ہیکو ایسوزاکی کا کہنا ہے کہ منگل کے روز شمالی کوریا کی جانب سے 2 میزائل فائر کئے گئے جبکہ جنوبی کوریا کی افواج نے شمالی کوریا کی جانب سے صرف ایک میزائل چلائے جانے کا اعلان کیا۔
ایسوزاکی نے اپنے بیان میں کہا کہ شمالی کوریا کے حالیہ اقدامات سے خطے میں امن و امان کیساتھ ساتھ جاپان کی سلامتی اور سیکیورٹی سے متعلق بھی خدشات پیدا ہوئے ہیں۔ جبکہ شمالی کوریا کی جانب سے میزائل تجربات نے ناصرف جاپان بلکہ پوری دنیا کیلئے سخت چیلنج کی صورتحال پیدا کر دی ہے۔