کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سریاب روڈ پر بلوچستان یونیورسٹی کے قریب ہونے والے دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کر دیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق سریاب روڈ دھماکے کا مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف انسداددہشت گردی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ گزشتہ شام سریاب روڈ دھماکے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور 13 اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ دھماکے کے بعد تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے طبی عملے کو بھی طلب کر لیا گیا تھا جبکہ زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس بلوچستان کو دھماکے کی تحقیقات کرنے کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی اور دھماکے میں شہید پولیس اہلکار کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو بلوچستان کا امن تباہ نہیں کرنے دیں گے جبکہ وفاقی حکومت بلوچستان کی صوبائی حکومت کو تمام وسائل اور معاونت فراہم کرے گی۔
سریاب روڈ بلوچستان یونیورسٹی کے قریب بم دھماکے کا مقدمہ درج
12:54 PM, 19 Oct, 2021