قرآن پاک اور سیرت رسول ﷺ ہمیں ہر لمحہ رہنمائی فراہم کرتے ہیں: صدرمملکت

12:51 PM, 19 Oct, 2021

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ قرآن پاک اور سیرت رسول ﷺ ہمیں دنیا کی پریشانیوں اور مسائل سے چھٹکارا پانے کیلئے ہر پل رہنمائی فراہم کرتے ہیں ۔

قومی رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ مسجد نبوی ﷺ سے اٹھنے والے انقلاب نے دنیا کو بدل کر رکھ دیا ۔ قوم کی تربیت اور اصلاح میں مسجد کا بنیادی کردار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مساجد میں طہارت اور پاکیزگی کے اعلیٰ معیار کو قائم کرنا چاہیے ، مساجد اور منبر سے کورونا کے دوران جب اتحاد دکھایا گیا اللہ تعالیٰ نے بہت مدد کی ۔

عارف علوی نے کہا کہ قوم نے سیرت نبوی ﷺ سے رہنمائی لے کر کورونا جیسے چیلنج سے نمٹنے میں کامیابی حاصل کی ۔ وبا سے بچاؤ کے حوالے سے نبی کریم ﷺکی احادیث ہماری بہترین رہنمائی کرتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نبی پاک ﷺ کی زبان کی نرمی اور شائستگی اپنی مثال آپ تھی ، نبی پاک ﷺ جب کسی کو نصیحت کرتے تھے تو باقیوں کو احساس نہیں ہونے دیتے تھے ۔

صدر مملکت نے کہا کہ نبی پاک ﷺ سے بے انتہا محبت ہے ، آپ کے اسوہ حسنہ سے بہت زیادہ سیکھنے کو ملا ہے ۔ نبی پاکﷺ صادق ہونے کے ساتھ امین ہیں ، کافروں کو بھی آپ پر بھرپور یقین تھا ۔ ہر صحابی کو یقین تھا نبی پاک ﷺ ان سے سب سے زیادہ محبت کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اعلان نبوت کے موقع پر اہل قریش نے بھی نبی کریم ﷺ کے صادق اور امین ہونے کی گواہی دی ، جو قومیں قانون کی بالادستی کا احترام نہیں کرتی تھیں وہ تباہ ہوئیں ۔

مزیدخبریں