کراچی: شہر قائد میں عید میلاد البنی ﷺ کے سلسلے میں چھوٹے بڑے جلوس نکالے جارہے ہیں جن کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت راستوں کو بند کرنے کے علاوہ موبائل فون سروس بھی معطل کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں اہل سنت، دعوت اسلامی اور سنی تحریک کے جلوسوں کیلئے کھارادر سے نمائش چورنگی تک گزرگاہوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔
جلوس کے دوران لی مارکیٹ، کھارادر، مائی کولاچی سے ایم اے جناح روڈ کو جانے والے تمام روٹس کو ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بند کردیا جائے گا جبکہ شہریوں کی مدد کیلئے ٹریفک پولیس کا عملہ مختلف سڑکوں پر تعینات رہے گا۔
ذرائع کے مطابق جلوس کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دینے کیلئے 4 ہزار سے زائد افسران و اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مختلف جلوسوں کو مانیٹر کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس بند ہے جبکہ 12 گھنٹوں کیلئے سندھ بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے البتہ بچے، خواتین اور بزرگ اس سے مستثنیٰ ہیں۔