لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر بازید خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت دو ایسی ٹیمیں ہیں جو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں جائیںگی۔
بازید خان نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ بھارت اور پاکستان کو سیمی فائنلسٹ کے طور پر منتخب کرنے کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں شاندار کرکٹ کھیل رکھی ہے اور یہاں کی کنڈیشنز ان کیلئے بہت موزوں ہیں، شائقین یہاں بڑے سکور والے میچز کی توقع نہ کریں، اور وہ میچز جس میں کوئی ٹیم 160 یا 170 سکور کرے، پاکستانی ٹیم اپنی بہترین گیم کھیلتی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستانی ٹیم کے باﺅلرز جانتے ہیں کہ یو اے ای میں کس طرح باﺅلنگ سے کمال دکھانا ہے ، فاسٹ باﺅلرز کٹرز کرنا جانتے ہیں اور سپن باﺅلرز کو معلوم ہے کہ وکٹوں میں باﺅلنگ کیسے کروانی ہے۔ پاکستانی ٹیم میں سب کچھ بہترین موجود ہے۔ یو اے ای میں عموماً بڑے سکور والے میچز نہیں ہوتے لہٰذا پاور ہٹنگ کا فیکٹر بھی ایک طرح سے ختم ہو کر رہ جاتا ہے۔
انہوں نے بھارت کو منتخب کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں میں کچھ زیادہ فرق نہیں ہے اور یہ بھی بڑے سکور والے میچز پسند نہیں کرتے۔ جب پاور ہٹنگ کی بات آتی ہے تو بھارت کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ یہ بھی سپنرز پر زیادہ انحصار کرتے ہیں اور یو اے ای کی وکٹیں ان کیلئے بھی سودمند ثابت ہوتی ہیں، لہٰذا 160 سے 170 کا ٹارگٹ بھارتی ٹیم کیلئے بھی بہترین ہے۔
’پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں سیمی فائنل میں جائیں گی‘ سابق کرکٹر نے خوشخبری سنا دی
10:54 AM, 19 Oct, 2021