کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ نے سندھ پولیس کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے دباؤ کے باوجود پولیس نے مزار قائد پر نعرے بازی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے خرم شیر زمان اور دیگر کے ہمراہ انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ گزشتہ روز مزارِ قائد کا تقدس پامال کیا گیا، پولیس سندھ حکومت کے ماتحت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کا بھرپور دباؤ تھا کہ مزار قائد پر نعرے بازی کرنے والوں کو کچھ نہ کہا جائے لیکن پھر بھی پولیس نے کارروائی کی جس پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پر خرم شیر زمان نے کہا کہ مقدمے کے اندراج کے لیے 10 گھنٹے پولیس اسٹیشن میں موجود رہے اور گھر جاکر سوگئے پھر صبح ساڑھے پانچ بجے ایف آئی آر درج کی گئی، ان سیاست دانوں کو پاکستان سے کوئی غرض نہیں ہے، 60 سے 70 کروڑ روپے جلسے پر خرچ کیے گئے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو سندھ پولیس نے مزارِ قائد کا تقدس پامال کرنے کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا جنہیں مقامی عدالت نے ضمانت پر رہا کردیا ہے۔