لاہور :پاکستان کرکٹ ٹیم کے معروف آل رائونڈر محمد حفیظ نے عمران خان حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہا کہ اس دور حکومت میں سب سے کم توجہ کھیلوں پر دی جا رہی ہے ،محمد حفیظ نے سوشل میڈیا پر عمران خان کو ٹیک کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں کھیلوں کی ترقی کیلئے کوئی اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے۔ انہوں نے لکھا کہ کھیلوں کے انفراسٹرکچر اور ترقی کو سب سے کم ترجیح دی گئی۔
محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ پی ٹی آئی کی نئی منتخب حکومت نے کھیلوں کی ترقی کیلئے کوئی مناسب اقدامات نہیں کیے۔ محمد حفیظ نے لکھا کہ عمران خان اور ان کی کابینہ سے درخواست ہے کہ وہ میری درخواست پر غور کریں۔
یاد رہے کہ موجودہ کوچ مصباح الحق، ٹیسٹ کپتان اظہر علی اور سینیئر کرکٹر محمد حفیظ نے سابق کرکٹر وسیم اکرم، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی اور پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے ہمراہ وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں ان کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو دوبارہ بحال کردیا جائے لیکن ان کی یہ محنت کام نہ آسکی۔
واضح رہے وزیر اعظم عمران خان اپنے شاندار کرکٹ کیریئر کو مثال بناتے ہوئے ہمیشہ اس موقف کے حامی رہے ہیں کہ ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرکے کرکٹ علاقائی بنیادوں پر ہونی چاہیے کیونکہ اس طرح نئے ٹیلنٹ کو موقع ملتا ہے اور کرکٹ کے دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملتے ہیں۔