اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی وزراء کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کسی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی، کرپشن کیسز کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کو کسی قسم کی رعایت نہیں ملے گی، اپوزیشن کے اداروں کے خلاف بیانیے پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے ہدایات جاری کیں کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔ذرائع کا اجلاس کے حوالے سے کہنا ہے کہ فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
خیال رہے کہ کراچی میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو ہوٹل کے کمرے سے دروازہ توڑ کر گرفتار کیا گیا اور وزیراعلیٰ سندھ کو اس گرفتاری سے بے خبر رکھا گیا اس طرح کی حرکت کسی مہذہب معاشرے میں نہیں ملتی جبکہ سندھ پولیس پر دباو ڈالا گیا اور زبردستی ایف آئی آر درج کروائی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سے متعلق سندھ حکومت اپنا موقف دے چکی ہے اور پاکستان میں اس وقت ظلم و جبر کی حکومت قائم ہے۔ ایسے اقدامات سے لگتا ہے کہ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں اور ملک میں آمرانہ ذہنیت خود کو قانون سے بالاتر سمجھتی ہے جبکہ سیاستدان آئین و قانون کے تحت مظاہرے کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں اختلاف پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم پی ڈی ایم کا مطالبہ ہے کہ کیپٹن صفدر کو فوری رہا کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ میری بلاول بھٹو سے بھی بات ہوئی ہے اور یہاں پر پی پی پی کے سینئر نائب صدر راجا پرویز اشرف اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ بھی موجود ہیں جس سے ان لوگوں کے عزائم خاک میں مل گئے ہیں جن کا خیال تھا کہ پی ڈی ایم میں دراڈ پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے خانہ کعبہ میں نواز شریف کے خلاف نعرے لگائے اور تقدس پامال کیا۔
اس موقع پر مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا پی ڈی ایم اور دیگر تمام افراد جنہوں نے فون کر کے تشویش کا اظہار کیا اور ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سے متعلق انہوں نے کہا کہ صبح 6 بجے کے قریب ہم سو رہے تھے کہ ہمارے کمرے کا دروازہ زور زور سے کھٹکھٹایا گیا اور جب صفدر نے دروازہ کھولا تو باہر پولیس کھڑی تھی اور انہوں نے کہا کہ گرفتار کرنے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صفدر نے کہا کہ میں واپس آتا ہوں اور یہ کہہ کر اندر آئے تو پولیس نے دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور انہیں گرفتار کر کے لے گئے۔ مریم نواز نے کہا کہ بلاول بھٹو نے فون کر کے کہا کہ ہمیں دکھ ہے کہ آپ ہماری مہمان تھی اور اس طرح کا واقعہ پیش آیا اور اسی طرح وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی فون کر کے کہا کہ ہم شرمندہ ہیں کہ اس طرح کا واقعہ ہوا۔