کراچی:مزار قائد تقدس کیس کا فیصلہ عدالت نے سنا دیا اور کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض منظور کی۔
اس سے قبلمریم نواز نے دعویٰ کیا تھا کہ سٹی کورٹ نے مزار قائد بے حرمتی کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت منظور کرلی ہے۔
اس بات کی اطلاع مریم نواز شریف نے خود کراچی میں پی ڈی ایم رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں دی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ابھی انھیں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ میرے شوہر کی ضمانت ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو پولیس کی بکتر بند گاڑی میں عزیز بھٹی پولیس اسٹیشن سےکراچی سٹی کورٹ پہنچایا گیا تھا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سٹی کورٹ آمد کے موقع پر مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے رہنماؤں کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔
سماعت کے دوران مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے وکلاء آپس میں الجھ گئے، کمرہ عدالت میں فاضل جج کے سامنے ایک دوسرے پر چلاتے رہے۔ عدالت نے وکلا کو خاموش کرایا۔ کیپٹن (ر) صفدر نے عدالت کے روبرو اپنے بیان میں کہا کہ 11اگست کو لاہور میں مجھ پر قاتلانہ حملہ ہوا۔ میں نے عمران خان اور دیگر کو نامزد کیا اور پی ٹی آئی حکومت انتقام لے رہی ہے۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو پیر کی صبح کراچی میں نجی ہوٹل کے کمرے سے گرفتار کیا گیا تھا۔ مریم نواز نے اپنی ٹوئٹ سے بتایا تھا کہ کراچی میں پولیس نے ہوٹل میں ہمارے کمرے کا دروازہ توڑ کر کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کر لیا۔ انہوں نے ہوٹل کے کمرے کی ویڈیو بھی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ جب پولیس اہلکار زبردستی اندر گھسے تو وہ کمرے میں موجود تھیں اور سو رہی تھیں۔