کیلیفورنیا: امریکا کی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنی میپس اپلیکشن میں ایک اور بہترین فیچر کا اضافہ کر دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ نیا فیچر آئندہ چند ہفتوں تک صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
اس فیچر کی بدولت آپ کو اس جگہ کا علم ہو سکے گا جہاں دوستوں سے ملنا ہوگا اور ایک دوسرے کو تلاش کرنا آسان ہوجائے گا۔ لائیو ویو میں اب لوکیشن شیئرنگ موڈ سپورٹ بھی ہوگی جو چار دیواری سے باہر ملاقات میں کارآمد ہوگی۔ اس کے لیے بس کیمرا کو ارگرد گھمائیں گے تو اے آر عناصر سفر کے اگلے مرحلے کی رہنمائی کریں گے۔
گوگل کی جانب سے ملٹی ماڈل نیوی گیشن سپورٹ کا اضافہ کیا جارہا ہے، جس میں ہر قسم کی ٹرانسپورٹ کا امتزاج ہوگا جبکہ پیدل لنے والوں کا بھی خیال رکھا جائے گا۔ اس سپورٹ کی بدولت جب کوئی فرد کسی منزل کی جانب سے سفر کرے گا تو لائیو ویو سے علم ہوسکے گا کہ آپ کو ٹرانسپورٹ سے اترنے کے بعد کس جانب جانا چاہیے۔
اس فیچر میں معروف مقامات کو شامل کیا جائے گا اور یہ فیچر ابتدا میں 25 شہروں کو سپورٹ کرے گا۔ مگر لائیو ویو کا زیادہ کارآمد پہلو ان افراد کے لیے ہوگا جو پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہیں۔ معروف مقامات نقشے مین نظر آئیں گے اور لائیو ویو سے علم ہوسکے گا کہ آپ ان سے کتنی دور ہیں۔
جب گوگل میپس پر کسی مقام کو سرچ کیا جائے گا تو لائیو ویو بٹن کو دبا کر اس جگہ کو رئیل ٹائم میں دیکھ سکیں گے۔ ان تبدیلیوں کے بعد مقبول مقامات کو گوگل میپس میں زیادہ بہتر طریقے سے دیکھنا ممکن ہوسکے گا۔ اس سے پہلے رواں ماہ کے شروع میں گوگل میپس کے اگیومینٹڈ رئیلٹی ٹیکنالوجی پر مبنی فیچر کو مزید بہتر بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
یہ نیا فیچر کورونا وائرس کی وبا کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرایا گیا ہے تاکہ لوگوں کو علم ہوسکے کہ انہیں کسی عوامی مقام پر کس وقت جانا چاہیے اور کس وقت گریز کرنا چاہیے۔