جنوبی اور وسطی ایشیائی ریاستوں کو پاکستانی برآمدات اور ان ممالک سے درآمدات میں کمی

08:05 AM, 19 Oct, 2020

اسلام آباد: جنوبی اور وسطی ایشیائی ریاستوں کو پاکستانی برآمدات اور ان ممالک سے درآمدات میں جاری مالی سال کے دوران کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر اگست 2020ء تک کی مدت میں جنوبی اور وسطی ایشیائی ریاستوں افغانستان، بنگلا دیش، بھارت، ایران، سری لنکا اور دیگرعلاقائی ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 248.73 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ان ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 371.52 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس عرصہ میں افغانستان کو 123.75 ملین ڈالر، بھارت کو 0.512 ملین ڈالر، بنگلا دیش کو 85.88 ملین ڈالر اور سری لنکا کو 28.77 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔

گزشتہ مالی سال میں ان ممالک کو پاکستان کی برآمدات کا مجموعی حجم 2.054 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ان ممالک سے درآمدات میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ جولائی سے لے کراگست 2020ء تک کی مدت میں جنوبی اور وسطی ایشیائی ریاستوں افغانستان، بنگلا دیش، بھارت، ایران، سری لنکا اور دیگر علاقائی ممالک سے درآمدات کا حجم 64.79 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ان ممالک سے درآمدات کا حجم 225.22 ملین ڈالرریکارڈ کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں