حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار آج پاکستان کا دورہ کریں گے

07:58 AM, 19 Oct, 2020

اسلام آباد: حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار 19 سے 21 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق افغانستان کی حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار اپنے وفد کے ہمراہ 19 سے 21 اکتوبر کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ اس دوران گلبدین حکمت یار وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بھی ملاقات کریں گے۔

دورے کے دوران وہ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وہ دورے کے دوران پالیسی تھنک ٹینک سے بھی خطاب کریں گے اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی بات چیت کریں گے۔

گلبدین حکمت یار کا یہ دورہ افغان امن عمل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال اور پاکستان اور افغانستان کے دوطرفہ تعلقات کے استحکام کے ساتھ ساتھ عوام کے عوام سے روابط پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو تاریخی مذہبی، ثقافتی اقدار اور روایات کے حوالے سے بہت گہرے ہیں۔

پاکستان افغان عوام کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لئے تمام کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ پاکستان ہمیشہ سے افغان قیادت اور افغان ملکیتی امن عمل کے ذریعے افغانستان کے مسئلے کے جامع سیاسی حل اور وسیع البنیاد مذاکرات کا حامی رہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ گلبدین حکمت یار کے اس دورہ سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور عوام کے عوام سے روابط کو مزید استحکام ملے گا اور امن و استحکام کی کوششوں کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔

مزیدخبریں