گلگت: چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ کی پندرہ تاریخ کو گلگت بلتستان اسمبلی کے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تین بار آل پارٹیز کانفرنس کا اہتمام کیا ہے اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے سیاسی جماعتوں سے تجاویز حاصل کی ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے ضابطہ اخلاق میں سیاسی جماعتوں کی سفارشات شامل کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی رہنمائوں کی جانب سے قبل ازانتخابات دھاندلی کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے اگلے مہینے کی 15 تاریخ کو قانون ساز اسمبلی کے ہونے والے انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔
ضابطہ اخلاق تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے عوامی اجتماعات اور ریلیوں کیلئے کورونا وائرس کے حوالے سے بھی قواعد و ضوابط تیار کئے ہیں۔ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال جاری ہے۔
اس سے قبل ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے کہا تھا کہ ملک میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے آئندہ دو روز میں ماہرین صحت کرونا وائرس سے بچائو کیلئے ضابطہ اخلاق تیار کریں گے۔