کراچی : جی ایچ کیو سےبرگیڈیئر کی فون کال کیے جانے پر نواز شریف نے کراچی جلسے میں تقریر نہیں کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اعتزاز احسن نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے جی ایچ کیو راولپنڈی سے فون کیے جانے پر کراچی میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے میں تقریر کرنے سے انکار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے رضا کارانہ طور پر کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے سے تقریر کرنے سے انکار کیا۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ نواز شریف کو جی ایچ کیو سے فون کال کی گئی جس پر انہوں نے رضاکارانہ طور پر اپنا نام واپس لے لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر نواز شریف نے آج جلسے سے تقریر کرنی ہوتی تو انہیں کیا بلاول بھٹو، مریم نواز یا مولانا فضل الرحمان روک سکتے تھے؟
انہوں نے شہباز شریف پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف جیل میں بیٹھ کر اسٹیبلشمنٹ سے ملاقاتیں کر رہا ہے۔ اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ قائد اعظم کے مزار پر پاکستان مسلم لیگ کی قیادت نے جو نعرے لگائے ہیں اس سے بہت تکلیف ہوئی ہے اور اس سے مزار کا تقدس پامال ہوا ہے۔ صفدر وہاں پر نعرے لگا تا رہا تھا، صفدر کو اس حرکت پر شرمندہ ہونا چاہیئے کیونکہ یہ پاکستان کے بانی کا مزار ہے اس کا اپنا تقدس ہے۔ اعتزاز احسن نے کہا اگر ہلڑ بزی کریں گے تو پاکستانیوں کے دل دکھیں گے۔